ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل : سیاحت کے لئے مرڈیشور پہنچے نوجوانو ں میں سے 3 نوجوان غرق آب ؛ تلاش جاری

بھٹکل : سیاحت کے لئے مرڈیشور پہنچے نوجوانو ں میں سے 3 نوجوان غرق آب ؛ تلاش جاری

Thu, 13 Oct 2016 18:06:29    S.O. News Service

بھٹکل:13/اکتوبر(ایس او نیوز)  چھٹیاں منانے منڈیا سے مرڈیشور کی سیاحت کو پہنچے9لوگوں میں سے 3نوجوان سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہونےکادلدوز حادثہ جمعرات کی دوپہر کو پیش آیا ہے۔جن کی شناخت کارتیک،منجے گوڈا (19)، پونیت ناگراج گوڈا(26) اورسبیندر کمارگوڈا(20) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

پونیت دھابا کا مالک ہے تو سبیندر کمار ٹراکٹر ڈرائیور ہے جب کہ  کارتیک جے سی بی مشین کا کام کرتا ہے۔ بتایا گیا ہے  کہ منڈیا ضلع   کے آر پیٹ نامی مقام سے بدھ کے روز ٹاٹا سومو کے ذریعے سیاحت کے لئے نکلے 9نوجوانوں پر مشتمل گروہ ساگر ہوتے  ہوئے سگندور مندر کا درشن کرنے کے بعد جمعرات کی دوپہر 2بجے مرڈیشور پہنچے تھے۔ تھوڑی دیر ساحل کا نظارہ کرنے کے بعد 3بجے تمام موج مستی کے لئے سمندر میں اتر گئے۔ اسی دوران 30-3بجے سمندر میں کھیل رہے نوجوانوں میں سے5 نوجوان اچانک پانی میں غرقاب ہونے لگے تو مقامی ماہی گیروں نے 2کو بچالیا البتہ دیگر3ڈوب کر لاپتہ ہوگئے،

موصولہ اطلاعات کے مطابق ان میں سے کوئی بھی تیرنا نہیں جانتا تھا۔  مرڈیشور پولس تھانے میں کیس درج کرلینے کے بعدایس آئی بھیم سنگھ لمانی کی قیادت میں جانچ کی جارہی ہے۔ گھروالوں کو اطلاع دی گئی ہے اور پولس مقامی ماہی گیروں کے تعاون سے نعشوں کو تلاش کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے ۔

اس وقت دسہرہ کی چھٹیاں ہونے کی بنا پر مرڈیشور ساحل سمندر میں لوگوں کا ہجوم موجودہے۔ ۔بتایا گیا ہے کہ یہ تمام دوست ہر سال دہسرے کے موقع پر مشہور مقامات کی سیاحت کرتے رہے ہیں۔ امسال مرڈ یشور کی سیاحت کے لئے پہنچے ھے اور اس طرح کا المناک حادثہ پیش آیا ہے۔ 


Share: